پاکستان کیخلاف بیان دینے والے افغان شہری کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے شخص کا نام شاہ نواز ہے، جس کی پاکستان مخالف بیان کی ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
ملزم کو داؤدزئی میں مہاجر کیمپ خزانہ سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق شاہ نواز نے پاکستان مخالف بیان دینے کا اعتراف کیا اور اپنے بیان پر معافی بھی مانگی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد شاہ نواز کو افغانستان ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان نے یکم اپریل 2025 سے غیر قانونی طریقے سے رہنے والے افغان شہریوں کے خلاف ایک جامع آپریشن شروع کیا ہوا ہے۔ اس آپریشن کے تحت اب تک لاکھوں افغان باشندوں کو وطن واپس بھیجا جا چکا ہے۔
پولیس حکام نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک میں امن و امان کے تحفظ کے لیے کسی بھی قسم کے ملک مخالف بیانات یا سرگرمیوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔





