ہندوکش ونٹر سپورٹس فیسٹیول، ترچمیر سٹرائیکرز نے آئس ہاکی ٹائٹلز جیت لیے

ہندوکش ونٹر سپورٹس فیسٹیول 2026 میں ترچمیر سٹرائیکرز نے مردوں اور خواتین دونوں آئس ہاکی ٹائٹلز جیت لیے ہیں۔

چترال ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام وادی چترال کے بلند و بالا اور دلکش علاقے ہرچن، لاسپور میں منعقدہ ہندوکش ونٹر سپورٹس فیسٹیول 2026 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

فیسٹیول کے آئس ہاکی مقابلوں میں ترچمیر سٹرائیکرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز کی ٹرافیاں اپنے نام کرلیں۔

مردوں کے فائنل میں ترچمیر سٹرائیکرز اور سرایا شندور کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا، ترچمیر سٹرائیکرز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی، اسی طرح خواتین کے فائنل میں بھی ترچمیر سٹرائیکرز کی ٹیم نے سرایا شندور اے کو شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے مہمانانِ خصوصی سیکرٹری سپورٹس خیبرپختونخوا محمد آصف اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس محمد آصف اور ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر نے کہا کہ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں سرمائی اور برفانی کھیلوں کے انعقاد کے لیے نہ صرف موزوں موسم بلکہ قدرتی مقامات اور باصلاحیت کھلاڑی بھی وافر مقدار میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ علاقائی، روایتی اور برفانی کھیلوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ہندوکش ونٹر سپورٹس فیسٹیول اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چترال میں روسی شہری نے کشمیری مارخور کا شکار کر لیا

سیکرٹری سپورٹس محمد آصف نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع کے مرد و خواتین کھلاڑیوں کو برابری کی بنیاد پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کھیلوں کے ٹیلنٹ کو مزید نکھارا جا سکے۔

ہندوکش ونٹر سپورٹس فیسٹیول 2026 کے آئس ہاکی مقابلوں میں مجموعی طور پر 14 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں 8 مردوں اور 6 خواتین کی ٹیمیں شامل تھیں۔

Scroll to Top