پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کا آغاز! اسٹیل کوائن اور کراس بارڈر ادائیگیوں کیلئے عالمی شراکت داری کےمعاہدے پر دستخط

پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کا آغاز! اسٹیل کوائن اور کراس بارڈر ادائیگیوں کیلئے عالمی شراکت داری کےمعاہدے پر دستخط

پاکستان میں ڈیجیٹل مالیاتی انقلاب کی شروعات، اسٹیل کوائن اور کراس بارڈر ادائیگیوں کے لیے عالمی شراکت داری کے اہم معاہدے طے۔

پاکستان نے عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ اہم مالیاتی اور تکنیکی شراکت داری کے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ اور امریکی کمپنی SC Financial Technologies LLC کے درمیان اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں، جبکہ پاکستان اور World Liberty Financial کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔

تقریب میں وزیر خزانہ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی شرکت کی اور SC Financial Technologies کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے۔ اسی موقع پر SC Financial Technologies کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ مالیاتی و تکنیکی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ، چیئرمین پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

معاہدے اور MoU کے تحت پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے سرمایہ کاری، مالیاتی خدمات، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر کام کریں گے، جس سے نہ صرف پاکستان میں مالیاتی نظام کی بہتری ہوگی بلکہ ترقیاتی منصوبوں میں بھی تیزی متوقع ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ یہ اقدامات ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مالیاتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے وفد کو ڈیجیٹل پاکستان کے وژن سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور عوامی رسائی حکومت کی ترجیح ہیں۔

اس موقع پر SC Financial Technologies اور World Liberty Financial کے سی ای اوز نے پاکستان میں محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل ادائیگی نظام میں شراکت داری کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا۔ سی ای او زکری وِٹکوف نے کہا کہ پاکستان عالمی ڈیجیٹل فنانس کا مضبوط امیدوار ہے اور یہ ملک ڈیجیٹل معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ معیشت کی بنیادوں کو مضبوط بنانا وقت کا تقاضا ہے اور مالیاتی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک کو عالمی مالیاتی نظام میں مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔

یہ شراکت داری پاکستان میں کراس بارڈر ڈیجیٹل ادائیگیوں، اسٹیل کوائن کے استعمال اور مالیاتی جدت کے لیے نئے دروازے کھولے گی، جس سے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں مواقع میں اضافہ متوقع ہے۔

Scroll to Top