خیبر پختونخوا کے مختلف تعلیمی بورڈز میں طویل عرصے سے خالی کلیدی انتظامی اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے تقرریوں کا عمل فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے چار تعلیمی بورڈز میں اہم عہدوں پر تعیناتیوں سے متعلق جامع سمری منظوری کیلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو ارسال کر دی گئی ہے، جس کی منظوری کے بعد بورڈز میں انتظامی استحکام اور تعلیمی و امتحانی نظام میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق سمری میں ملاکنڈ اور ایبٹ آباد تعلیمی بورڈز میں چیئرمین کے طویل عرصے سے خالی عہدوں پر تعیناتی کیلئے تین، تین امیدواروں پر مشتمل پینلز شامل کیے گئے ہیں۔ ان عہدوں پر تقرری نہ ہونے کے باعث بورڈز کے انتظامی امور اور پالیسی فیصلے متاثر ہو رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری میں بنوں اور سوات تعلیمی بورڈز میں سیکرٹری بورڈ کی خالی اسامیوں پر تقرریوں کی سفارشات بھی شامل کی گئی ہیں۔ سیکرٹری بورڈ کے عہدے کو تعلیمی بورڈز میں انتظامی معاملات کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا جاتا ہے، اور ان عہدوں پر تقرریوں سے دفتری امور میں بہتری آنے کی امید ہے۔
اس کے علاوہ بنوں اور ملاکنڈ تعلیمی بورڈز میں کنٹرولر امتحانات کے اہم عہدوں پر تعیناتی کیلئے بھی وزیر اعلیٰ سے باقاعدہ منظوری طلب کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق کنٹرولر امتحانات کی تعیناتی سے امتحانی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور بروقت بنایا جا سکے گا، جس سے طلبہ اور والدین کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔
محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد تمام تقرریوں کے نوٹیفکیشنز فوری طور پر جاری کر دیے جائیں گے۔ ماہرین تعلیم کے مطابق ان تقرریوں سے نہ صرف تعلیمی بورڈز کے انتظامی خلا پُر ہوں گے بلکہ امتحانی نظم و ضبط اور تعلیمی معیار میں بھی نمایاں بہتری آنے کا امکان ہے۔





