پشاور سے رشکئی تک موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند

اسلام آباد: پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کے پیشِ نظر عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے موٹرویز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم-1 پشاور سے رشکئی، ایم-2 ٹھوکر نیاز بیگ سے چکری، ایم-3 فیض پور سے سمندری، ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ، ایم-11 لاہور سے سمبڑیال اور ایم-14 انجرا سے عیسیٰ خیل تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔

موٹرویز سینٹرل ریجن کے ترجمان کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم-3 (فیض پور سے جڑانوالہ)، ایم-4 (پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور گوجرہ سے عبدالحکیم) جبکہ ایم-5 (ملتان سے ظاہر پیر اور ملتان سے سکھر) پر بھی ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ایم-5 کے مختلف حصے، جن میں ملتان سے ڈیرہ اسماعیل خان اور رحیم یار خان سے روہڑی شامل ہیں، دھند کے سبب بند رہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری خطرناک حادثات کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے ڈرائیور حضرات کو لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا آئندہ 24 گھنٹوں میں ایران میں فوجی مداخلت کر سکتا ہے، خبررساں ایجنسی

انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ محفوظ سفر کے لیے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان سفر کو ترجیح دیں۔

موٹروے پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کے لیے احتیاطی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں، جن کے مطابق فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کیا جائے، غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، رفتار محدود رکھی جائے اور آگے چلنے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھا جائے۔

مزید رہنمائی یا کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top