خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے بڑی خوشخبری: جدید لینڈ ریکارڈ سسٹم نافذ

پشاور: خیبر پختونخوا میں تحریکِ انصاف کی حکومت نے عام شہریوں کے لیے کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (CLRMIS) باضابطہ طور پر نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت ہر شہری اپنی فردِ انتقال یا دیگر زمین سے متعلق دستاویزات صوبے کے کسی بھی سروس ڈلیوری سینٹر سے حاصل کر سکتا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختو نخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں یہ اقدام عمران خان کے وژن کے مطابق عوامی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

اس جدید نظام کے ذریعے پرانے دستی ریکارڈ کے مسائل کا خاتمہ کیا گیا ہے اور تمام لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائز کر دیے گئے ہیں۔

اس وقت تک 60 لاکھ سے زائد صفحات اسکین کیے جا چکے ہیں، 2 کروڑ 80 لاکھ مالکان کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے اور 62 سروس سینٹرز کو مرکزی نیٹ ورک سے منسلک کر کے ڈیٹا آئی لینڈز کا خاتمہ کیا جا چکا ہے۔

نظام کے تحت اب تک 29,421 فردِ ملکیت جاری کی جا چکی ہیں، 8,356 میوٹیشنز مکمل ہو چکی ہیں اور 3,561 میں سے 3,275 مواضعات آپریشنل ہیں۔

آن لائن ادائیگی اور بایومیٹرک تصدیق کے اضافے سے لینڈ ریکارڈ کی پروسیسنگ تیز، محفوظ اور شفاف بن گئی ہے۔

یہ اصلاحات خیبر پختونخوا میں شفاف، جوابدہ اور عوام دوست حکمرانی کی مضبوط مثال کے طور پر سامنے آئی ہیں، جس سے شہریوں کے لیے زمین سے متعلق امور میں سہولت اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صوبائی حکومت کابڑا فیصلہ!غیر قانونی تعمیرات ختم، نقشہ جات اور این او سیز کا نیا نظام نافذ

  دوسری جانب صوبے میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑا فیصلہ، لینڈ یوز اور بلڈنگ قوانین پر سخت عملدرآمد کا آغاز کردیا

تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے غیر منظم تعمیرات اور قواعد کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے لینڈ یوز اور بلڈنگ کنٹرول سے متعلق قوانین پر مؤثر عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو واضح اور سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ تعمیراتی عمل مکمل طور پر قانون کے دائرے میں آئے۔

صوبائی لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے لوکل پلاننگ اینڈ انفورسمنٹ یونٹس کو لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ایکٹ 2021 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے تحت نقشہ جات کی منظوری، این او سیز کے حصول اور تعمیراتی منصوبوں کے عمل کو مکمل طور پر قانونی دائرہ کار میں لانا لازمی ہوگا۔

Scroll to Top