پی ٹی اے کا سوشل میڈیا صارفین کو اہم انتباہ جاری

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ نفرت انگیز، ہتک آمیز یا گمراہ کن مواد کی اشاعت اور ترسیل سے گریز کریں۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین کو ایسے مواد کو فوری طور پر ہٹانا چاہیے اور کسی بھی گمراہ کن مہم یا بیانیے کا حصہ بننے سے بھی بچنا چاہیے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، جو قومی سالمیت کو نقصان پہنچائیں یا ریاستی اداروں اور افراد کی عزت و وقار مجروح کریں، قابل قبول نہیں۔

پی ٹی اے نے واضح کیا کہ پاکستان الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) کے تحت جان بوجھ کر جھوٹی معلومات پھیلانا یا کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا قابل سزا جرم ہے، اور صارفین کی ذمہ دارانہ ڈیجیٹل رویہ اپنانا قومی فریضہ ہے۔

اتھارٹی نے خبردار کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

Scroll to Top