پاکستان اور بھارت کی فضائی حدود سے متعلق بڑا فیصلہ سامنے آ گیا

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق پاکستانی فضائی حدود بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے بدستور بند رہے گی۔

پی اے اے کے ترجمان کے مطابق بھارتی طیاروں پر عائد پابندی کو 24 فروری صبح 5 بجے تک بڑھا دیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹم (NOTAM)بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس پابندی کا اطلاق بھارتی ایئرلائنز کی ملکیت، زیرِ آپریشن یا لیز پر لیے گئے تمام طیاروں پر ہوگا، جبکہ بھارتی فوجی پروازیں بھی اس پابندی کے دائرہ کار میں شامل ہوں گی۔

ترجمان کے مطابق فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے یہ پابندی مئی میں ہونے والے معرکۂ حق بنیان مرصوص کے دوران بھارتی ایئرلائنز کے طیاروں پر عائد کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ امن بورڈ میں ایک اور اہم پیش رفت، بحرین نے امریکی دعوت قبول کر لی

دونوں ممالک کے درمیان سیزفائر کے باوجود اس پابندی میں اب تک آٹھویں مرتبہ توسیع کی جا چکی ہے۔

فضائی ماہرین کے مطابق فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو طویل روٹس اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے پروازوں کے دورانیے اور اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

Scroll to Top