آج سے ملک بھر میں بارش اور برفباری، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے شمالی علاقوں میں متوقع بارشوں اور برفباری کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 21 سے 24 جنوری کے دوران بارش اور برفباری کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش کے نتیجے میں دریائے کابل اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں اچانک طغیانی آ سکتی ہے۔

اسی طرح دیر، چترال، سوات اور کوہستان کے علاقوں میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔

اتھارٹی کے مطابق نوشہرہ اور تربیلا ڈیم کے نشیبی علاقوں میں دریائے کابل کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ ندی نالوں، نشیبی علاقوں اور خطرے سے دوچار مقامات کے قریب غیر ضروری آمد و رفت سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بدھ کے روز سے بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور بھارت کی فضائی حدود سے متعلق بڑا فیصلہ سامنے آ گیا

محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

اسی طرح نوشکی، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جبکہ بارکھان، سبی، لورالائی، کیچ، گوادر، لسبیلہ، آواران اور چاغی میں بھی بارش کا امکان ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موسم کی صورتحال کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ رکھیں۔

Scroll to Top