جہانزیب خان آفریدی
خیبر : ضلع خیبر میں ایک افسوسناک حادثے میں دو بچوں کی موت ہو گئی جبکہ ایک میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاندان کی گاڑی تیراہ سے چراٹ کی جانب نقل مکانی کے دوران الٹ گئی۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق قبیلہ کمر خیل سے ہے۔
حادثے میں شدید زخمی ہونے والے میاں بیوی کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے اور طبی عملہ ان کی حالت کو تشویشناک قرار دے رہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاندان تیراہ کے علاقے میں رہائش پذیر تھا اور وہ بہتر زندگی کی تلاش میں چراٹ جا رہا تھا کہ راستے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
مقامی لوگوں اور اہلِ علاقہ نے حادثے کی اطلاع فوری طور پر امدادی ٹیموں اور پولیس تک پہنچائی، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا اور لاشوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
یہ بھی پڑھیں : تیراہ تنہا نہیں! اپنے قوم کیساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دوٹوک اعلان
واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ اور پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ گاڑی الٹنے کی وجہ کیا تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ممکنہ طور پر گاڑی کی رفتار زیادہ ہونے یا سڑک کی خراب حالت حادثے کا سبب ہو سکتی ہے، تاہم حتمی رپورٹ انکوائری کے بعد سامنے آئے گی۔
اہل علاقہ نے حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں کی بہتر دیکھ بھال کریں تاکہ ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔





