ڈی جی آئی ایس پی آر نے ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026 میں شریک طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز اور نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی اور واضح گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر طلبہ نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران جس طرح پاک فوج نے دشمن کے خلاف جرأت و استقامت کا مظاہرہ کیا، اسی طرح آج کے دور میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل محاذ پر دشمن کے پروپیگنڈے اور منفی بیانیے کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ہر معلومات کو بغیر تصدیق قبول نہ کیا جائے بلکہ مستند ذرائع سے تصدیق کرنا ہر باشعور شہری کی ذمہ داری ہے۔
طلبہ نے بتایا کہ اس نشست کے بعد حق اور باطل میں فرق مزید واضح ہوگیا اور قومی معاملات پر ان کی فہم میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنۃ الہند اور فتنۃ الخوارج کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار شعور، تحقیق اور سچائی پر مبنی بیانیہ ہے۔
نشست کے اختتام پر طلبہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان کے مثبت بیانیے کے محافظ بن کر قومی مفادات کے دفاع میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کی ذمہ داری، شعور اور قومی مفادات کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے ہر شہری، خاص طور پر نوجوان، کو ملکی سلامتی اور مثبت بیانیے کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔





