پاکستان میں موسمی تبدیلی: کب اور کہاں ہو گی شدید بارش اور برفباری؟

اسلام آباد: پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری ہے، اور محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ایک نیا طاقتور موسمی سسٹم آج ملک میں داخل ہوگا، جس سے برفباری اور بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک میں آج داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں رات سے بارشوں اور برفباری کا آغاز ہو جائے گا۔

نئے سسٹم کے تحت آزادکشمیر، بلوچستان، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بارشیں اور برفباری متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں بھی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ 25 سے 26 جنوری کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

دوسری جانب، بلوچستان میں آج رات سے 27 جنوری تک مزید بارشیں اور برفباری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔

گوادر، کوئٹہ، پسنی، جیوانی، اورماڑہ، خضدار، تربت، چاغی، تفتان، نوکنڈی اور دالبندین سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش ہو سکتی ہے۔

اسی طرح، جیوانی، پسنی، خضدار، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ میں کچھ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے، جبکہ کچھی، سبی، زیارت، ہرنائی، دکی، لورالائی اور لسبیلہ میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : محکمہ موسمیات نے غیر معمولی موسم کے لیے الرٹ جاری کردیا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیارت، چمن، پشین، ہرمازئی اور خانوزئی میں برفباری ہو سکتی ہے، جب کہ مسلم باغ، لوئی بند، قلعہ عبداللہ، گلستان اور دوبندی میں ہلکی سے معتدل برفباری اور تیز ہوائیں متوقع ہیں۔

شدید بارشوں کی وجہ سے گوادر، جیوانی، پسنی، آواران، چاغی اور کیچ میں ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور مقامی انتظامیہ کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

Scroll to Top