تیراہ کا مسئلہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری، اپنی ذمہ داری فوری نبھائیں، اجمل وزیر

سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے کہا ہے کہ تیراہ کا مسئلہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اور وفاق اور صوبائی حکومت ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے کے بجائے فوری طور پر اس مسئلے کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کریں۔

اجمل وزیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تیراہ کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے، بچے اور بزرگ شدید متاثر ہو رہے ہیں، یہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے لوگوں کو تحفظ فراہم کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزرا  اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہے ہںں، یہاں آ کر حالات دیکھے، وفاقی اور صوبائی حکومت دونوں کو تیراہ جانا چاہیے تاکہ مسئلہ فوری طور پر حل ہو۔

سابق مشیر اطلاعات نے جرگوں کی جانب بھی تنقید کی اور کہا کہ اب جو جرگے ہو رہے ہیں، ان کی مجھے خود سمجھ نہیں آ رہی، اس سے پہلے کے پی اسمبلی میں جو جرگہ ہوا تھا، اس میں تمام سیاسی جماعتیں موجود تھیں لیکن اس کا کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا، جرگے ہو رہے ہیں مگر کوئی فائدہ نظر نہیں آ رہا۔

سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ سیکیورٹی کے مسائل پر وفاق اور صوبے کو ایک ہونا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: تیرہ جرگہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ

ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

Scroll to Top