ایرانی قوم نے امریکی اور اسرائیلی سازش ناکام بنا دی، آیت اللہ خامنہ ای

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ملک میں حالیہ فسادات کو امریکا اور اسرائیل کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے اتحاد اور بیداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ یہ محض الزام نہیں کہ حالیہ فسادات کی منصوبہ بندی بیرونِ ملک کی گئی، بلکہ خود امریکی صدر کے بیانات اس بات کا ثبوت ہیں۔

ان کے مطابق امریکی صدر نے فسادی عناصر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آگے بڑھتے رہیں اور انہیں بیرونِ ملک سے مدد فراہم کی جائے گی۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ملک میں ہونے والے یہ واقعات دراصل بغاوت کی ایک منظم کوشش تھے جنہیں بیرونی طاقتوں کی جانب سے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سی آئی اے اور موساد نے بغاوت کو ہوا دینے کے لیے اپنے تمام وسائل استعمال کیے، تاہم انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایران عالمی جارح قوتوں کے مفادات سے ٹکرا رہا ہے، اسی لیے یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ حالیہ فسادات آخری تھے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے ایسے اقدامات اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک وہ مکمل طور پر مایوس نہ ہو جائے، تاہم ایرانی قوم ہر بار ان سازشوں کو ناکام بنائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور برطانیہ کا رشتہ اعتماد اور شراکت داری پر مبنی ہے، برطانوی وزیرداخلہ

انہوں نے مزید کہا کہ دکانداروں اور تاجروں کے بعض مطالبات جائز تھے، مگر فسادی عناصر نے پُرامن احتجاج کو پُرتشدد رخ دینے کی کوشش کی۔

جیسے ہی تاجروں اور دکانداروں کو اصل صورتِ حال کا اندازہ ہوا، انہوں نے خود کو فسادی عناصر سے الگ کر لیا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم کے اتحاد، شعور اور بیداری نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ دشمن کسی بھی صورت اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔

Scroll to Top