ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے لکی مروت میں بھانہ منجیوالا کے قریب نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے مین گیس پائپ لائن کے ٹی بی ایس کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد ٹی بی ایس اور گیس کی مرکزی ترسیلی لائن مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جس کے باعث گیس کا شدید اخراج شروع ہو گیا۔ دھماکے کے اثر سے بھڑکنے والی آگ کے شعلے دور دور تک دکھائی دیتے رہے، جبکہ زور دار آواز نے قریبی آبادی کو خوفزدہ کر دیا۔
واقعے کے بعد حفاظتی اقدامات کے طور پر ہزاروں گھروں کو گیس کی فراہمی معطل کر دی گئی ہے۔ گیس کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ علاقے میں بے چینی کی فضا قائم ہے۔
اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، فائر بریگیڈ اور گیس کمپنی کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ گیس کے اخراج کو روکنے اور ترسیلی نظام کو محفوظ بنانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ سیکیورٹی اداروں نے بھی علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ذمہ دار عناصر کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے چھان بین کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پانے کے بعد گیس کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔





