بلوچستان میں آپریشن ردّالفتنہ کے نمایاں ثمرات، بدنام دہشتگرد گروہ نے ہتھیار ڈال دیے

بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن ردّالفتنہ کے نمایاں نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں.

بلوچستان میں سرگرم ایک بدنام دہشت گرد اور جرائم پیشہ گروہ نے ریاستِ پاکستان کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردی، لوٹ مار اور بھتہ خوری میں ملوث گروہ کے سرغنہ میراک خان چکرانی نے اپنے 25 ساتھیوں سمیت سرنڈر کر دیا۔

سرنڈر کرنے والے عناصر نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی حکام کے حوالے کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے بھائی میر آفتاب بگٹی کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں جس کے نتیجے میں جرائم پیشہ عناصر کا ریاست پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

میراک خان چکرانی نے اس موقع پر شدت پسند عناصر کے خلاف چکرانی امن فورس میں شمولیت کا اعلان بھی کیا، حکام کے مطابق سرنڈر کرنے والا گروہ ماضی میں متعدد سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دو بڑی کارروائیاں، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن ردّالفتنہ کی مؤثر حکمتِ عملی کے باعث بلوچستان کے دیگر شدت پسند اور جرائم پیشہ عناصر بھی جلد ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہوں گے جبکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔

Scroll to Top