زرعی یونیورسٹی پشاور میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب بدنظمی کا شکار، امیر مقام تقریب چھوڑ کرچلے گئے

پشاور کی زرعی یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب اس وقت شدید بدنظمی اور ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگئی جب انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) اور مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کے کارکنان آمنے سامنے آگئے۔

تقریب کے دوران دونوں طلبہ تنظیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف اور اپنے قائدین کے حق میں شدید نعرے بازی کی گئی جس کے باعث پنڈال میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

واقعات کے مطابق آئی ایس ایف سے وابستہ طلبہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں نعرے لگائے تو جواب میں ایم ایس ایف کے حامیوں نے بھی وفاقی وزیر امیر مقام کے حق میں نعرے بازی شروع کر دی۔

اس شور شرابے اور ہنگامہ آرائی کے باعث تقریب کا نظم و ضبط مکمل طور پر درہم برہم ہوگیا اور انتظامیہ صورتحال پر قابو پانے میں ناکام نظر آئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام بدنظمی اور مسلسل نعرے بازی کے باعث خطاب کیے بغیر ہی تقریب چھوڑ کر روانہ ہوگئے۔ جب وہ یونیورسٹی سے نکلنے لگے تو مشتعل طلبہ نے ان کی گاڑی کو روکنے کی بھی کوشش کی۔

Scroll to Top