عمران خان کی صحت کیسی،سلمان صفدر نے ملاقات کا احوال بتا دیا

اڈیالہ جیل کے دروازے کھل گئے! عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کو اندر جانے کی اجازت مل گئی

سپریم کورٹ کے واضح عدالتی حکم کے بعد بانیٔ پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کو اڈیالہ جیل کے اندر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ عدالتی ہدایت کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر علیمہ خان سے ملاقات کیے بغیر براہِ راست اڈیالہ جیل روانہ ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس سے متعلق جاری کیے گئے تحریری حکم میں بیرسٹر سلمان صفدر کو بانیٔ پی ٹی آئی کی بیرک تک رسائی دینے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے انہیں اس کیس میں فرینڈ آف کورٹ مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ آج ہی اڈیالہ جیل جا کر بانیٔ پی ٹی آئی کی موجودہ حالتِ زار اور سہولیات کا جائزہ لیں۔

تحریری حکم میں سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ بیرسٹر سلمان صفدر اپنی مشاہداتی رپورٹ کل تک عدالت میں تحریری طور پر جمع کرائیں گے، جس کی بنیاد پر آئندہ عدالتی کارروائی اور ممکنہ احکامات پر غور کیا جائے گا۔

یہ کیس چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سنا، جس کے بعد عدالت نے مزید سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔

قانونی حلقوں کے مطابق سپریم کورٹ کا یہ اقدام غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف بانیٔ پی ٹی آئی کی جیل میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا بلکہ عدالتی شفافیت اور قیدیوں کے حقوق سے متعلق معاملات میں بھی رہنمائی ملے گی۔

Scroll to Top