خیبرپختونخوا کے پہلے خود کفیل پیرا میڈیکل ہیلتھ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے حیات آباد فیز فائیو میں فیکلٹی آف پیرا میڈیکل اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے کثیر المنزلہ کمپلیکس کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے۔

یہ منصوبہ چھ کنال رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے جس کی مجموعی تخمینہ لاگت 2.9 ارب روپے مقرر کی گئی ہے۔ سات منزلوں اور دو بیسمنٹس پر مشتمل اس کمپلیکس کو جدید تقاضوں کے مطابق ادارہ جاتی استحکام اور طویل مدتی مالی خود پائیداری کے اصولوں کے تحت ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ یہ منصوبہ بیرونی فنڈنگ پر انحصار کیے بغیر خود کفیل ہو کر تعلیمی سرگرمیوں کی معاونت کر سکے۔

اس جدید کمپلیکس کی خاص بات تمام انتظامی سہولیات کی ایک ہی چھت تلے فراہمی ہے، جہاں ایڈمنسٹریشن بلاک، ڈین آفس، شعبہ جات کے سربراہان کے دفاتر سمیت ہیومن ریسورس، فنانس اور تعلیمی امور کے دفاتر قائم کیے جائیں گے۔

ادارے کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے منصوبے میں چھ رینٹل فلورز بھی شامل کیے گئے ہیں جو صحت کے مختلف اداروں، تشخیصی لیبارٹریز، این جی اوز، بینکس اور طبی سپلائرز کو کرائے پر فراہم کیے جائیں گے جس سے ادارے کے لیے مستقل آمدن کی راہ ہموار ہوگی۔

تعلیمی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کمپلیکس میں جدید آڈیو ویژول سہولیات سے آراستہ ایک وسیع سیمینار ہال بھی تعمیر کیا جائے گا جو طبی کانفرنسوں اور ورکشاپس کے لیے بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

اس کے علاوہ عمارت میں لفٹس، وسیع پارکنگ ایریا، کیفے ٹیریا، بجلی کا بیک اپ سسٹم اور محفوظ رسائی کے جدید ترین نظام جیسی عالمی معیار کی سہولیات بھی یقینی بنائی جائیں گی۔

Scroll to Top