موٹر سائیکل ایم ٹیگ مہم کا دوسرا مرحلہ تیز، آخری تاریخ مقرر

اسلام آباد: اسلام آباد کو محفوظ بنانے کے لیے موٹر سائیکل ایم ٹیگ مہم کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد جاری ہے، جبکہ حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عرفان میمن نے اعلان کیا ہے کہ موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگوانے کی آخری تاریخ 28 فروری مقرر کی گئی ہے۔

ان کے مطابق یکم مارچ سے شہر میں بغیر ایم ٹیگ موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، اور خلاف ورزی کی صورت میں ایسی گاڑیوں کو تحویل میں لے کر متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوسرے مرحلے کے دوران اب تک دو ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کو ایم ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے اقدامات میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔

ڈی جی ایکسائز کے مطابق عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایم ٹیگ سینٹرز تعطیلات کے دن بھی کھلے رکھے جا رہے ہیں اور اضافی عملہ تعینات کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

عرفان میمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے فوری طور پر اپنی موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن مکمل کروائیں اور ایم ٹیگ حاصل کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومتی پیشکش کے بعد کیا برف پگھلے گی؟ شیر افضل مروت کا بڑا اعلان

حکام کا کہنا ہے کہ ایم ٹیگ نظام کے ذریعے نہ صرف شہر کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا بلکہ جرائم کی روک تھام اور مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی میں بھی مدد ملے گی۔

انتظامیہ پر امید ہے کہ شہری اس اقدام میں تعاون کرتے ہوئے دارالحکومت کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

Scroll to Top