ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں انگلینڈ کے ہاتھوں سنسنی خیز شکست کے بعد قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں اب نیوزی لینڈ کے میچوں کے نتائج سے وابستہ ہوگئی ہیں۔
پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا اورآج انگلینڈ سے شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر صورتحال پیچیدہ ہوگئی ہے۔
اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف اپنے دونوں میچز ہار جاتی ہے تو پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے صرف سری لنکا کے خلاف فتح درکار ہوگی۔
دوسری صورت یہ ہے کہ اگر نیوزی لینڈ اپنا ایک میچ ہارتا ہے تو پھر پاکستان کو سری لنکا کو بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگی تاکہ نیٹ رن ریٹ بہتر ہوسکے تاہم اگر نیوزی لینڈ یا سری لنکا میں سے کسی نے بھی اپنے بقیہ دونوں میچز جیت لیے تو پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گا۔
واضح رہےکہ آج پالی کیلے میں کھیلے گئے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 165 رنز کا ہدف 19.1 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کی جیت میں کپتان ہیری بروک نے کلیدی کردار ادا کیا جنہوں نے 50 گیندوں پر 100 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 30 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد نواز اور عثمان طارق نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں تاہم وہ ٹیم کو جیت نہ دلوا سکے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے تھے۔ صاحبزادہ فرحان 45 گیندوں پر 63 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ فخر زمان اور بابر اعظم نے 25، 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈوسن نے 24 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیمی اوورٹن اور جوفرا آرچر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔





