ژوب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 10 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 10 خارجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )کے مطابق یہ کارروائی 24 فروری کو کیے گئے اس انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا تسلسل ہے جس میں 8 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ گزشتہ روز (25 فروری) سیکیورٹی فورسز نے روپوش خارجیوں کی تلاش کے لیے علاقے میں جامع سرچ آپریشن شروع کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز نے مختلف راستوں پر دہشت گردوں کا تعاقب کیا اور ان کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے سے بھارتی سرپرست یافتہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

Scroll to Top