پاکستانی توپ خانے کی گرج نے افغان خوارج کے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دے دیا ہے اور سرحد پار بیٹھے بزدل دشمنوں پر لرزہ طاری ہو گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستان نے افغانستان کے خلاف “غضب للحق”کے نام سے باقاعدہ آپریشن شروع کر دیا ہے جس کے نتیجے میں باجوڑ، کرم اور مہمند میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی تباہ کن کارروائی سے دشمن کے ٹھکانوں کو نیست و نابود کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع سے موصول ہونے والی مصدقہ اطلاعات کے مطابق، پاکستانی فورسز کی کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے 22 اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
افغان طالبان نے کواڈ کاپٹرز کے ذریعے پاکستانی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی ناکام کوشش کی، جسے پاکستانی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا اور تمام کواڈ کاپٹرز مار گرائے۔ پاکستان کی جانب سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ذریعے شدید گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ہوائی ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور ان کی مجموعی طور پر 12 اہم چوکیاں فتح کر کے وہاں سبز ہلالی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔ افغان طالبان نے ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر، ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر چترال میں فائرنگ کی جس کا دندان شکن جواب دیا گیا۔ چترال اور باجوڑ میں دشمن کی متعدد چیک پوسٹیں ملبے کا ڈھیر بنا دی گئی ہیں۔ اس سے قبل فورسز نے ماشین ناو میں 3، گوشتہ میں 2 اور ضلع کنڑ کی تحصیل انارگی کے علاقے دوکلام میں 4 چوکیوں پر مکمل قبضہ کر لیا تھا۔
پاک افغان سرحد پر برسرِ پیکار پاک فوج کے جوان مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے مکمل پرعزم ہیں۔ باجوڑ بارڈر پر تعینات پاک فوج کے ایک جوان کا پیغام وائرل ہو رہا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ رات کو افغان سرحد کی جانب سے فائرنگ کی گئی اور جب یہ حرکت دوبارہ دہرائی گئی تو ہم نے دہشت گردوں بالخصوص افغان طالبان کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ فوجی جوان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ “افغان طالبان کو اندازہ نہیں کہ انہوں نے کس قوم کو للکارا ہے، ہماری قوم کسی سے ڈرنے والی نہیں، اگر کوئی بھارت کے کہنے پر ہم سے پنگا لے گا تو اسے یہ بہت مہنگا پڑے گا کیونکہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔”
سیکیورٹی ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے جھوٹی اور من گھڑت خبروں کا سلسلہ جاری ہے۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے مسلسل جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر افغان طالبان کی مدد میں بھارتی را (RAW) کے اکاؤنٹس بھی جھوٹا بیانیہ چلانے لگے ہیں۔
حکومتی ذرائع کی جانب سے پاکستان افغانستان بارڈر کی مصدقہ اطلاعات ہر لمحہ دی جا رہی ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ کسی بھی قسم کی جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں کیونکہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے دشمن کی تمام کارروائیوں کا مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔
بھارت کی شہ پر اچھلنے والے بزدل دشمن کی پتلونیں لٹکا کر اوقات یاد دلا دی گئی ہے اور افغان خوارج اپنا اسلحہ اور لاشیں چھوڑ کر فرار ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب اسپن وام میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 34 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔





