چترال سیکٹر میں پاک فوج کی بڑی کارروائی: افغان طالبان کی “بریکوٹ بیس” تباہ، دشمن کے حوصلے پست

پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کا جواب دینے کے لیے پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیوں میں مزید شدت پیدا کر دی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع سے موصول ہونے والی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاک فوج نے چترال سیکٹر کے قریب افغان طالبان کی اہم ترین “بریکوٹ بیس” کو کامیابی سے نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی حدود میں بلا اشتعال فائرنگ اور جارحیت کی کوشش کی گئی تھی، جس پر پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔

اس کارروائی میں جدید ہتھیاروں کے ذریعے دشمن کی بیس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود دشمن کے جنگی اثاثوں اور اہلکاروں کو بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت اور اپنے شہریوں کی سلامتی کو ہر صورت یقینی بنائے گا۔

کسی بھی بزدلانہ کارروائی یا سرحدی خلاف ورزی کا جواب اسی سختی اور قوت کے ساتھ دیا جائے گا۔ چترال، باجوڑ اور مہمند سیکٹرز میں پاک فوج کے جوان بلند حوصلوں کے ساتھ مادرِ وطن کا دفاع کر رہے ہیں اور دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملایا جا رہا ہے۔

جبکہ دوسری جانب پاک افغان سرحد پر جاری اشتعال انگیزی کے دوران افغان طالبان کی جانب سے ایک اور انتہائی قابلِ مذمت قدم اٹھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغان خوارج کی بزدلانہ کارروائی، باجوڑ میں افغان حدود سے فائرنگ کے نتیجے میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق باجوڑ سیکٹر میں افغان حدود سے کی جانے والی اندھادھند فائرنگ اور گولہ باری کی زد میں آکر ایک مسجد شدید متاثر ہوئی ہے۔

دشمن کی جانب سے عبادت گاہ کو نشانہ بنانا ان کے نام نہاد دعووں کی قلعی کھولتا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق افغان خوارج کی جانب سے کی جانے والی اس بزدلانہ فائرنگ کے نتیجے میں مسجد کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔

پاک فوج کی جانب سے اس بزدلانہ حملے کا دندان شکن جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کرا دیا گیا ہے۔

Scroll to Top