حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کی مشترکہ کاوشوں سے ایران میں مقیم پاکستانی طلبہ کے انخلا کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔
اب تک تفتان کے راستے مجموعی طور پر 183 طلبہ بحفاظت پاکستان پہنچ چکے ہیں جن میں 83 طلبہ اور 100 طالبات شامل ہیں۔
حکام کےمطابق، یکم اور 2 مارچ کی درمیانی شب سے طلبہ کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا جس میں آج مزید 121 طلبہ (41 طلبہ اور 80 طالبات) تافتان پہنچے۔
ان میں سے 62 طلبہ کا پہلا قافلہ جس میں 42 مرد اور 20 خواتین شامل ہیں کو کوئٹہ کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
ایران سے واپس آنے والے ان طلبہ کا تعلق مختلف صوبوں سے ہےجن میں سب سے زیادہ 132 طلبہ کا تعلق پنجاب سے ہے۔
دیگر طلبہ میں سندھ سے 15، خیبر پختونخوا سے 22، گلگت بلتستان سے 10، آزاد کشمیر سے 3 اور بلوچستان سے 1 طالب علم شامل ہے۔
یہ تمام طلبہ ایران کی مختلف طبی یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم تھے، جن میں تہران میڈیکل کالج کے 50، اصفہان میڈیکل کالج کے 58، زنجان میڈیکل کالج کے 38 اور یزد میڈیکل کالج کے 37 طلبہ شامل ہیں۔
حکومتی حکام اور پاک فوج کے تعاون سے ان تمام شہریوں کو ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔





