ٹی ٹی اے کے کھوکھلے دعوے اور تباہ حال معیشت، افغانستان میں لاکھوں بچوں کی زندگیاں شدید غذائی قلت کا شکار!

افغانستان میں بلند بانگ دعوؤں، کھوکھلے نعروں اور خود ساختہ فتح کے قصوں کے پیچھے چھپی تباہ کن حقیقت اب اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹس کی صورت میں پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔ 

ایک طرف وہاں کے حکمران بڑے بڑے دعوے کرتے نہیں تھکتے تو دوسری طرف خود ان کے اپنے ملک کی عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے اور لاکھوں معصوم بچے بھوک اور بیماری کے منہ میں جا رہے ہیں۔

ایک کروڑ 59 لاکھ افراد کا شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہونا اور 2027 تک 40 لاکھ سے زائد بچوں کو غذائی قلت کے علاج کی ضرورت پڑنے کا خدشہ ان کی نااہلی، بدانتظامی اور منافقانہ طرزِ حکمرانی پر ایک زوردار طمانچہ ہے۔

ایسے میں ریاست پاکستان اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مضبوط نظم و ضبط اور عوامی تحفظ کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیاں خطے میں استحکام اور وقار کی روشن مثال بن کر ابھرتی ہیں۔

اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے حوالے سے سامنے آنے والی تازہ تفصیلات نے افغانستان کے موجودہ حکمرانوں اور ٹی ٹی اے کے تمام بلند بانگ دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔

یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق ستمبر اور اکتوبر 2026 کے دوران افغانستان کی تقریباً 32 فیصد آبادی خوراک کی شدید کمی کا شکار رہی جبکہ اگست سے اکتوبر کے عرصے میں بچوں میں غذائی قلت کے باعث جسمانی کمزوری اور وزن میں غیر معمولی کمی کی شرح اس مخصوص دورانیے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔

موسم سرما کی آمد کے ساتھ اس انسانی المیے کے مزید خوفناک شکل اختیار کرنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

یونیسیف کے اندازوں کے مطابق جنوری سے دسمبر 2027 کے دوران 6 ماہ سے 59 ماہ تک کی عمر کے تقریباً 40 لاکھ 40 ہزار بچوں کو شدید غذائی قلت کے باعث علاج کی ضرورت ہوگی۔

رپورٹ اس بات کی واضح گواہی دیتی ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور عالمی برادری کا اعتماد کھونے کے باعث امداد میں کمی نے بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے۔

سب سے بڑھ کر ان کی تعلیم دشمن سوچ اور خواتین پر عائد ناروا پابندیوں نے صحت کے نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے جہاں خواتین طبی عملے کی شدید کمی، طبی مراکز کی بندش اور ادویات کی نایابی نے ماؤں اور بچوں کے لیے بنیادی علاج بھی ناممکن بنا دیا ہے۔

عالمی ادارہ خوراک کے مطابق 2026 میں بہتر بارشوں اور زرعی پیداوار میں اضافے کے باوجود عام شہریوں کی قوتِ خرید اس قدر گر چکی ہے کہ خاندان مناسب اور غذائیت سے بھرپور خوراک خریدنے سے قاصر ہیں۔

مہاجرین کی واپسی کے بعد وسائل کا کوئی مؤثر انتظام نہ ہونا اور امدادی فنڈز میں مسلسل کمی اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹی ٹی اے کی انتظامی صلاحیت صفر ہے اور ان کے بڑے بڑے دعوے محض فریب کے سوا کچھ نہیں۔

یہی منافقانہ کردار سرحد پار دہشت گردی کو پناہ دینے اور ٹی ٹی پی جیسے فتنہ پرور عناصر کی سرپرستی میں بھی نظر آتا ہے جو بھارت کی ایما اور سازشوں کے تحت خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناپاک کوشش کرتے رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : رائزنگ سٹار ایشیا کپ ، پاکستانی شاہینز نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے دی

تاہم ریاست پاکستان اور پاک فوج نے ہر محاذ پر اپنی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت اقدامات کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے اور ملکی سرحدوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

Scroll to Top