پاک افواج کی زمینی اور فضائی کارروائیاں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف تیزی سے جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، آپریشن غضب للحق کے تحت پاک فضائیہ نے جلال آباد میں دشمن کے اہم اہداف کو نشانہ بنایا، جس میں ایمونیشن ڈپو اور ڈرون اسٹوریج شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان کی حالیہ جارحیت اور سرحدی خلاف ورزیوں کے جواب میں پاکستان کی افواج نے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائیاں کیں، جس سے دشمن کو ہر محاذ پر بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور طالبان کے ٹھکانوں کو تباہ کر کے دشمن کی آپریشنل صلاحیت کو شدید کمزور کیا گیا ہے۔
پاک افواج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز افغان طالبان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر لمحہ پر عزم ہیں اور آپریشن غضب للحق اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی کارروائی کے نتیجے میں دشمن کے جنگی وسائل شدید متاثر ہوئے ہیں، اور افغان طالبان کی کارروائیوں کے بعد بھی وہ اپنی بنیادی صلاحیت برقرار نہیں رکھ سکے۔ پاکستان کی افواج کے اس ردعمل سے خطے میں امن اور سیکیورٹی کے لیے مؤثر پیغام بھیجا گیا ہے۔
اس کارروائی کے بعد پاک فضائیہ اور زمینی افواج کی تیاری اور عزم کا مظاہرہ خطے میں دہشت گردانہ عناصر کے لیے واضح انتباہ ہے کہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔





