جمرود تحصیل سے بابِ خیبر تک ضلعی انتظامیہ اور جمرود کی کوکی خیل قوم کے مشران کی قیادت میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس کا مقصد افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار تھا۔
ریلی کی قیادت سابق نیشنل بینک آفیسر ملکزادہ معیز شیر خان خیل اور اسسٹنٹ کمشنر جمرود خیام ناصر نے کی۔ اس موقع پر کوکی خیل قوم کے عمائدین، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور مختلف سرکاری محکموں کے نمائندگان نے بھی بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے بابِ خیبر پہنچ کر افواجِ پاکستان اور ملک کی سالمیت کے حق میں نعرے لگائے اور قومی جذبے کا مظاہرہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
ریلی میں شرکاء نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی اور بقا کی ضامن ہیں، اور اگر کوئی دشمن دانستہ یا نادانستہ طور پر پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کرے گا تو اسے افواجِ پاکستان کی جانب سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔
یہ ریلی پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی، جبکہ شرکاء نے قومی یکجہتی اور استحکام کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا۔ اس ریلی کو ملک میں افواجِ پاکستان کے ساتھ عوامی محبت اور اعتماد کی ایک مضبوط علامت قرار دیا جا رہا ہے۔





