وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے آپریشن غضب للحق کے حوالے سے 3 مارچ تک کے تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ شمالی بلوچستان میں افغان طالبان نے 16 مقامات پر زمینی حملے کیے جبکہ 25 مقامات پر پاک افواج کے خلاف فائر ریڈ کی کارروائیاں بھی کی گئیں۔ تمام حملے مؤثر انداز میں پسپا کر دیے گئے۔ اس کارروائی میں افغان طالبان کے 27 کارندے ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے ایف سی بلوچستان نارتھ کا ایک جوان شہید اور 5 دیگر زخمی ہوئے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ افغانستان سے خیبرپختونخوا میں بھی ایک مقام پر زمینی حملے کی کوشش کی گئی اور 12 مقامات پر فائر ریڈ کی گئی، جسے بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنایا گیا۔ خیبرپختونخوا میں رات بھر جاری کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کے 40 کارندے ہلاک ہوئے۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ آپریشن غضب للحق جاری ہے اور پاک افواج ہر محاذ پر دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے پرعزم ہیں۔





