امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیج عمان میں موجود تمام ایرانی بحری جہاز کارروائی کے دوران تباہ کر دیے گئے ہیں، جبکہ ایران کے اندر ایک ہزار 250 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
سینٹ کام کے بیان کے مطابق، دو روز قبل خلیج عمان میں ایرانی بحریہ کے 11 جہاز موجود تھے، جنہیں کارروائی کے دوران مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے اور آج ان کی تعداد صفر ہو گئی ہے۔ سینٹ کام نے اس موقع پر کہا کہ ایران کے وہ دن گزر گئے جب خلیج عمان میں جہازوں کو ہراساں کیا جاتا تھا۔
امریکی حکام نے مزید بتایا کہ کارروائیوں کے دوران ایران میں 1,250 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا، تاہم ان اہداف کی نوعیت یا تباہی کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ سینٹ کام کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سمندری آمدورفت کی آزادی گزشتہ 80 سال سے امریکہ اور عالمی اقتصادی خوشحالی کی بنیاد رہی ہے، اور امریکی افواج اس کے دفاع کے سلسلے کو جاری رکھیں گی۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں تناؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، اور خلیج عمان کی اہم سمندری گزرگاہ پر بین الاقوامی تجارتی جہازوں کی حفاظت کے لیے عالمی کمیونٹی کی توجہ بڑھ گئی ہے۔





