پاک افغان سرحد کے غزالی سیکٹر میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے مؤثر اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی متعدد پوسٹیں تباہ کر دیں اور کالعدم ٹی ٹی اے کے کئی کارندوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، سرحد پار سے اشتعال انگیزی اور دراندازی کی کوششوں کے بعد پاکستانی فورسز نے زبردست کارروائی کرتے ہوئے ٹی ٹی اے کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران مؤثر آرٹلری فائر کیا گیا جس کے نتیجے میں دشمن کی اہم تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے افغانستان کی جانب موجود ایک اہم پوسٹ پر بھی درست نشانہ لگا کر اسے غیر مؤثر بنا دیا۔ کارروائی کے نتیجے میں متعدد شدت پسند ہلاک ہوئے جبکہ دیگر کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق پاک فوج ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ سرحدی علاقوں میں نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دراندازی کو ناکام بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، اور دشمن کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔





