وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر فی الحال وافر مقدار میں موجود ہیں اور عوام کو اس حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
اسلام آباد میں سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت منعقدہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ ملک میں مارچ کے آخر تک کے لیے پٹرولیم ذخائر دستیاب ہیں۔
وزیر خزانہ نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی کڑی نگرانی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے تاکہ کسی بھی صورتحال میں فوری اور اہم فیصلے لیے جا سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کو مکمل طور پر ریگولیٹ کرے گی اور توانائی کی بچت کے لیے بھی جامع اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اگر خطے میں کشیدگی جاری رہتی ہے تو اس کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے پہلے سے اقدامات کیے جائیں گے۔
آئی ایم ایف کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ مشن کی روانگی ان کا ایک ادارہ جاتی فیصلہ تھا، تاہم عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ خوش اسلوبی سے جاری ہے۔





