عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ، مہنگائی کے خدشات بڑھ گئے

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ، مہنگائی کے خدشات بڑھ گئے

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد قیمتیں تقریباً 7 فیصد سے زائد بڑھ گئیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت بڑھ کر 95 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جبکہ برطانوی خام تیل 100 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی طلب میں اضافہ اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث قیمتوں میں یہ تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ اس اضافے کے بعد دنیا بھر میں توانائی کی لاگت بڑھنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

معاشی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو مختلف ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، جس سے مہنگائی میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب ایرانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے اور امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کے جہازوں کے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کی قیادت کو دو بار ختم کیا گیا اور تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی فورسز نے ایران کے بارودی سرنگیں بچھانے والے 28 جہاز تباہ کیے ہیں۔

تیل کی قیمتوں میں اس اضافہ کے بعد نہ صرف توانائی کی لاگت بلکہ عالمی معاشی حالات پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق اس رجحان کے جاری رہنے کی صورت میں دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بلند سطح پر رہ سکتی ہیں، جس سے صارفین کی زندگی مہنگی ہو جائے گی۔

Scroll to Top