کابل میں منشیات کے ہسپتال پرحملے کے دعوے ان لوگوں کی طرف سے آ رہے ہیں جو مسجدوں پر حملے کرواتے ہیں، خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان کی جانب سےکابل میں منشیات کے ہسپتال پر حملے کے پروپیگنڈے پر درعمل دیتے ہوئے کہاہےکہ یہ دعوے ان لوگوں کی طرف سے آ رہے ہیں جو مسجدوں پر حملے کرواتے، سر بسجود نمازیوں کو شہید کرتے اور معصوم بچوں کے خون سے ہولناک کھیل کھیلتے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پروزیراطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کی ٹویٹ کو شیئر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے لکھا کہ نہتے شہریوں، مارکیٹوں اور اسکولوں کو نشانہ بنانے والے اور منشیات کی اسمگلنگ کو ذریعہ معاش بنانے والے آج اسی ریاست پر حملہ آور ہیں جس نے انہیں گزشتہ 50 سال سے پناہ دے رکھی ہے۔

وزیر دفاع نے افغان طالبان کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کی مٹی نے نہ صرف انہیں پناہ دی بلکہ ان کی خاطر ایک عالمی سپر پاور سے ٹکرا گیا اور تین نسلوں تک ان کی مہمان نوازی کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنی کمٹمنٹ کا پاس نہیں رکھتے اور وعدے پورے کرنے کے بدلے اربوں روپے تاوان مانگتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی 78 سالہ تاریخ میں بہت سی غلطیاں کی ہوں گی لیکن افغانیوں کی مہمان نوازی کرنا سب سے بڑی اور فاش غلطی تھی، جس پر انہوں نے اللہ سے معافی کی دعا بھی مانگی۔

Scroll to Top