نئی دہلی،پاکستان ہائی کمیشن میں یومِ پاکستان کی پروقار تقریب کا انعقاد

نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے زیرِ اہتمام یومِ پاکستان کی پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے چانسری لان میں قومی پرچم بلند کیا۔

اس موقع پر صدرِ مملکت، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

سعد احمد وڑائچ نے اپنے خطاب میں 23 مارچ 1940 کی قرارداد کو علیحدہ وطن کی جدوجہد میں سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کی قیادت میں سات سال کے مختصر عرصے میں اس تحریک نے قیامِ پاکستان کی صورت اختیار کی۔

انہوں نے تحریکِ پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں آزادی کے تحفظ اور ملکی ترقی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

ناظم الامور نے بھارت کے موجودہ حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ “ہندوتوا کا عفریت” ہمارے اسلاف کی دوراندیشی کی زندہ مثال ہے۔

انہوں نے مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کا وضع کردہ ڈیٹرنس جنوبی ایشیا میں استحکام اور امن کی ضمانت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک بھارت تعلقات برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر ہی قائم ہو سکتے ہیں جبکہ خطے میں دیرپا امن کے لیے تنازعہ جموں و کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔

Scroll to Top