پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 12ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد راولپنڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈیز کی جانب سے دیا گیا 157 رنز کا ہدف محض 15ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت میں نوجوان بلے باز سمیر منہاس نے کلیدی کردار ادا کیا، جنہوں نے 70 رنز کی جارحانہ اور میچ وننگ اننگز کھیلی۔ ہدف کے تعاقب میں حیدر علی 26 اور مارک چیپمین 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو فتح کی دہلیز پار کروائی۔
راولپنڈیز کی جانب سے محمد عامر اور رشاد حسین صرف ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے اور یونائیٹڈ کے بلے بازوں کو روکنے میں ناکام رہے۔
اس سے قبل، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ راولپنڈیز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے تھے۔
ڈیان فوریسٹر کی 19 گیندوں پر 44 رنز کی برق رفتار اننگز اور کامران غلام کی 50 رنز کی نصف سنچری بھی ٹیم کے کام نہ آسکی۔ کپتان محمد رضوان اور یاسر خان محض 2، 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس سے بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار ہو گئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رچرڈ گلیسن اور سلمان ارشاد نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ اس شکست کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ میں راولپنڈیز کی ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل ہو گئی ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔





