جے یو آئی کا مردان میں بڑا پاور شو آج ہوگا، مولانا فضل الرحمان آج خطاب کریں گے

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) آج مردان میں ایک بڑا عوامی اجتماع منعقد کر رہی ہے، جس کے لیے پنڈال کو مکمل طور پر تیار کر لیا گیا ہے۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق اس اجتماع میں لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے جو حکومتی پالیسیوں کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کریں گے۔

اجتماع سے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان خطاب کریں گے جبکہ مرکزی اور صوبائی قائدین بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

ترجمان کے مطابق اس تاریخی کانفرنس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور عوامی جوش و خروش عروج پر ہے۔ مولانا فضل الرحمان اس موقع پر آئندہ کی سیاسی و عوامی تحریک کا لائحہ عمل بھی پیش کریں گے۔

اسلم غوری نے کہا کہ یہ اجتماع مہنگائی، بدامنی، انتخابی دھاندلی اور خلافِ شریعت قوانین کے خلاف ایک عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق عوام اور کارکنان بھرپور شرکت کر کے حکومتی پالیسیوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

Scroll to Top