ایک ایرانی گلوکار کی جانب سے پاکستان کے کردار پر اظہارِ تشکر کے طور پر نیا نغمہ “پاکستان تشکر” ریلیز کیا گیا ہے، جو سوشل میڈیا اور ایرانی میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔
نغمے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور سفارتی روابط کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہا گیا ہے۔
ایران نے فارسی زبان میں نغمے کے ساتھ پاکستان کا وزیراعظم شہباز شریف کا اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ pic.twitter.com/81TPUO6dWW
— Sabir Mehmood Hashmi (@SabirMehmood26) April 11, 2026
گانے میں پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مؤثر سفارتی قوت کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس نے خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
نغمے کے بولوں میں پاکستان کی قیادت، خصوصاً وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جنہیں خطے میں سفارتی کوششوں اور امن کے لیے کردار ادا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق نغمے میں حالیہ اسلام آباد مذاکراتی عمل اور سفارتی سرگرمیوں (اسلام آباد ٹاسک) کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جس میں پاکستان کے کردار کو “نا ممکن کو ممکن بنانے” کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنگ بندی برقرار، ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی اور ایران کو تیل نہ بیچنے دینے کا اعلان
ذرائع کے مطابق اس عمل کے دوران پیش رفت کے ایک مرحلے کو مکمل راؤنڈ سے تعبیر کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ مزید سفارتی مراحل بھی متوقع ہیں۔
نغمے میں پاکستان اور ایران کے تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے، اور اسے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ گانا ایرانی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، جہاں صارفین کی بڑی تعداد نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔





