جدہ: وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ میں طویل ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
I had the pleasure and honour of meeting my dear brother, His Royal Highness Crown Prince Mohammed bin Salman, in Jeddah today.
During the course of which, I conveyed Pakistan’s unwavering solidarity with the Kingdom and expressed my deep appreciation of its patience and… pic.twitter.com/C6fIobxM58
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) April 15, 2026
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور مشکل حالات میں سعودی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی، صبر و تحمل کو سراہا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد کو امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ جنگ بندی کے لیے پاکستان کے کردار، سمیت اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ امن مذاکرات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان ایک پائیدار امن معاہدے کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کاوشیں جاری رکھے گا تاکہ خطے میں دیرپا استحکام یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جدہ میں ہونے والی یہ ملاقات تقریباً دو گھنٹے جاری رہی، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال اور سکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا ایران کے مابین پیغامات کا تبادلہ، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور عباس عراقچی کی ملاقات کا پہلا دور مکمل
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا اور حالیہ حالات میں سعودی قیادت کے صبر و تحمل کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں قریبی تعاون کو مزید فروغ دینے اور دیرینہ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔





