وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کا اہم دورہ مکمل کرنے کے بعد قطر روانہ ہو گئے ہیں، جہاں دوحہ میں ان کی امیرقطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم قطر کے بعد اپنے وفد کے ہمراہ ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے، جہاں مختلف امور پر اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز سعودی عرب کے دورے پر جدہ پہنچے تھے، جہاں ان کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے قصر السلام میں اہم ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ خطے کی مجموعی صورتحال، خصوصاً ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات اور ان کے ممکنہ اثرات پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس اہم ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے، جبکہ اسے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف مدینہ منورہ بھی گئے، جہاں گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے اپنے وفد کے ہمراہ روضۂ رسول ؐپر حاضری دی، درود و سلام پیش کیا اور ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور عالمی امن کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر روضۂ رسول ؐ کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔





