وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے، جہاں ان کا شاندار اور پروٹوکول کے مطابق پرتپاک استقبال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قطر کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کے خصوصی طیارے کو حفاظتی حصار میں لے لیا اور ایئرپورٹ تک پہنچایا۔ اس غیر معمولی فضائی پروٹوکول کو دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات اور باہمی احترام کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
دوحہ ایئرپورٹ پر بھی وزیرِاعظم کے استقبال کے لیے اعلیٰ حکام موجود تھے، جبکہ اس موقع پر گرمجوشی اور خیرمقدمی جذبات کا اظہار کیا گیا۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اس شاندار استقبال پر قطری قیادت اور فضائیہ کے پائلٹس کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔





