پی ٹی آئی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے، سلمان اکرم راجہ کے استعفے کا فیصلہ

پی ٹی آئی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے، سلمان اکرم راجہ کے استعفے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی اختلافات ایک بار پھر شدت اختیار کر گئے ہیں، جس کے باعث پارٹی کی تنظیمی صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ عمران خان سے ملاقات ہو یا نہ ہو، اپنا استعفیٰ براہ راست پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو ارسال کریں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں بانی چیئرمین کی بہنوں کے مبینہ طور پر سیاسی معاملات میں کردار اور مداخلت کے حوالے سے بھی اندرونی سطح پر تحفظات سامنے آئے ہیں، جس نے اختلافات کو مزید ہوا دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجہ نے گزشتہ روز بھی پارٹی کے اندرونی اختلافات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا تھا، جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی۔

پارٹی کے اندر بڑھتی ہوئی کشیدگی نے تنظیمی سطح پر سوالات اٹھا دیے ہیں، جبکہ آئندہ دنوں میں مزید اہم سیاسی پیش رفت کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top