ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے
پشاور، اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا اور شمالی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کر دیا، جس کے بعد لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 91 سے 199 کلومیٹر کے درمیان بتائی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے کوہ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں زیرِ زمین تھا۔
زلزلے کے جھٹکے پشاور، سوات، ملاکنڈ، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، خیبر، بونیر، شانگلہ، چترال، بٹگرام اور اپر دیر سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، ہری پور، چکوال، تلہ گنگ اور کلر کہار میں بھی زمین لرزنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
افغانستان کے متعدد صوبوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم شہریوں میں خوف و ہراس اور تشویش کی فضا پیدا ہوگئی۔
حکام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔





