ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے حج پروازوں کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو گیا ہے، جس کے تحت کراچی سے پہلی حج پرواز نجی ایئر لائن کے ذریعے 160 عازمین کے ساتھ روانہ ہوئی۔
کراچی ایئرپورٹ پر منعقدہ تقریب میں عازمین حج کو گورنر سندھ، متعلقہ حکام اور وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ عہدیداران نے رخصت کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔
اس سال کراچی ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر 31 ہزار سے زائد عازمین حج مقدس سفر پر روانہ ہوں گے۔
حج آپریشن کے دوران سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ بھی جاری ہے، جس کے تحت سعودی عرب کے امیگریشن حکام کراچی ایئرپورٹ پر ہی عازمین کی ون ٹائم امیگریشن کی کارروائی مکمل کریں گے، جس سے حجاج کو سعودی عرب پہنچنے پر اضافی مراحل سے نہیں گزرنا پڑے گا۔





