کاشف الدین سید
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا سے سابق سینیٹر مراد سعید کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔
اس اہم سیاسی معرکے کے لیے پانچ امیدوار مدمقابل ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار عرفان سلیم آزاد حیثیت سے اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
اس کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا عبدالحسیب، مسلم لیگ (ن) کے اصغر علی، پاکستان پیپلز پارٹی کی راحیلہ بی بی اور آزاد امیدوار سجاد خان مہمند بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق اس نشست پر پولنگ 23 اپریل کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہوگی جہاں صوبائی اسمبلی کے ارکان نئے سینیٹر کا انتخاب کریں گے۔
واضح رہے کہ یہ نشست مراد سعید کو عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے اور بعد ازاں الیکشن کمیشن کی جانب سے انھیں نااہل قرار دیئے جانے کے باعث خالی ہوئی تھی۔





