پی ایس ایل 11 : راولپنڈیز مسلسل ساتویں بار ناکام، قلندرز نے کامیابی حاصل کرلی

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں راولپنڈیز کی ٹیم اپنا ساتواں میچ بھی ہار گئی ہے اور اس مرتبہ لاہور قلندرز نے انہیں بتیس رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر کر دیا ہے۔

راولپنڈیز اس ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر دو سو دس رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔

لاہور کی جانب سے فخر زمان نے چوراسی رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ محمد فاروق ترسٹھ اور عبداللہ شفیق چھبیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آصف علی نے آخری لمحات میں محض چھ گیندوں پر اٹھارہ رنز بنا کر ٹیم کا اسکور دو سو سے پار پہنچایا۔ راولپنڈیز کی جانب سے محمد عامر اور رضا اللہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

دو سو گیارہ رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز کے بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم بیس اوورز میں نو وکٹوں پر ایک سو اٹھہتر رنز تک محدود رہی۔

نوجوان بیٹر یاسر خان نے اٹھاون رنز بنائے جبکہ سعد نے اختتامی لمحات میں اکیس گیندوں پر چون رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی مگر وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی اور اسامہ میر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈینیئل سیمس اور سکندر رضا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

Scroll to Top