خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے قانون سازی کے بجائے تنخواہوں میں اضافے کا اختیار اسمبلی کی فنانس کمیٹی کو دینے کے لیے بلز بھی تیار کر لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاق نے اس معاملے سے متعلق رپورٹ مکمل کر لی ہے، جو جلد اسمبلی میں پیش کی جائے گی اور بعد ازاں محکمہ قانون کو بھجوائی جائے گی۔
مجوزہ بل کی منظوری کے بعد اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا اختیار براہِ راست فنانس کمیٹی کو حاصل ہو جائے گا، جس کے تحت اسمبلی میں باقاعدہ قانون سازی کے بغیر ہی تنخواہوں میں اضافہ کیا جا سکے گا۔
ترمیمی بلز صوبائی کابینہ اور اسمبلی سے منظوری کے بعد نافذ ہوں گے، جبکہ نئے قانون کے بعد موجودہ قواعد و ضوابط منسوخ تصور ہوں گے۔ محکمہ قانون نے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے مجوزہ اختیار سے متعلق بل کی خامیوں کو دور کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بل کی منظوری کی صورت میں فنانس کمیٹی کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے اعلان کے ساتھ ساتھ اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ بھی کر سکے۔





