محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، جبکہ میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ادارے کے مطابق رواں ہفتے کے دوران بھی زیادہ تر میدانی علاقے گرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہا، تاہم گلگت بلتستان کے چند مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش بگروٹ میں 5 ملی میٹر اور بونجی میں 3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
ادھر منگل کے روز ملک کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں چھور، دادو، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، پڈعیدن، سکھر اور ٹنڈو جام میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور خاص طور پر دن کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے، تاکہ گرمی کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔





