پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 میں آج شائقین کرکٹ کے لیے دو سنسنی خیز مقابلے شیڈول ہیں، جہاں ٹیمیں قیمتی پوائنٹس کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔
پہلا میچ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان دوپہر 2:30 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ دن کا دوسرا مقابلہ راولپنڈی اور ملتان سلطانز کے درمیان شام 7 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، جو شائقین کے لیے ایک اور دلچسپ مقابلہ ثابت ہونے کی توقع ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کے مطابق پشاور زلمی اس وقت سرفہرست ہے، جبکہ ملتان سلطانز دوسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چوتھی پوزیشن پر ہے، جس کے باعث آج کے میچز کی اہمیت دوچند ہو گئی ہے۔
دوسری جانب پی ایس ایل 11 کا لاہور میں دوبارہ آغاز ہو چکا ہے، جہاں ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں مزید 8 میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے لاہور پولیس نے جامع سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا فروغ خوش آئند ہے، اور پی ایس ایل میچز کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق لاہور پولیس کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے، جبکہ اسٹیڈیم، رہائشی مقامات اور روٹس پر سخت نگرانی کے ساتھ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔





