اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائیاں، پہلی سہ ماہی میں 362 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار
جرائم پیشہ عناصر اور غیرقانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف اسلام آباد پولیس کی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پولیس نے 597 کومبنگ اور سرچ آپریشنز کیے، جن کی نگرانی ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کی۔
ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 57 ہزار 961 افراد اور 25 ہزار سے زائد گھروں کی جانچ پڑتال کی گئی، جبکہ 6 ہزار 871 دکانوں اور 2 ہزار 188 ہوٹلز کو بھی چیک کیا گیا۔ اسی طرح 19 ہزار 343 موٹر سائیکلوں اور 6 ہزار 884 گاڑیوں کی بھی تلاشی لی گئی۔
سرچ آپریشنز کے دوران 3 ہزار 383 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں 362 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے بھی شامل ہیں، جنہیں مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران 109 گاڑیاں اور 1 ہزار 751 موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لی گئیں۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے “اسلحہ سے پاک اسلام آباد” مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں جاری رہیں، جن میں 12 کلاشنکوف، 4 رائفلز، 8 بندوقیں، 64 پستول، 6 خنجر اور بڑی مقدار میں ایمونیشن برآمد کیا گیا۔
اسی طرح “نشہ اب نہیں” مہم کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 5 کلو چرس، 6 کلو ہیروئن، 5 کلو آئس اور 87 بوتل شراب بھی برآمد کی گئی۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق شہر میں امن و امان قائم رکھنے اور جرائم کے خاتمے کے لیے بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔





